Live Updates

تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں پھوٹ پڑ گئی

حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے کے معاملے پر حکمران جماعت کے اراکین اسمبلی تقسیم ہوگئے

muhammad ali محمد علی منگل 18 دسمبر 2018 20:44

تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں پھوٹ پڑ گئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں پھوٹ پڑ گئی، حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے کے معاملے پر حکمران جماعت کے اراکین اسمبلی تقسیم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت متحرک ہوگئے ہیں۔ وفاق میں پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن لیڈر کو دینے کے بعد حکومت پنجاب نے بھی وفاق کے فارمولے کو فالو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد صوبائی کابینہ اور تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں دوگروپ بن گئے ہیں۔

صوبائی وزرا سردار سبطین خاں، فیاض الحسن چوہان، عبدالعلیم خاں، چودھری ظہیر الدین سمیت کئی ارکان اسمبلی حمزہ شہباز کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی دینے کے مخالف ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جنگلات سردار سبطین خاں نےاس معاملے پر کہا ہے کہ 10 سال سے حکومت ن لیگ کے پاس تھی اور یہ کس طرح ممکن ہے کہ حمزہ شہباز شریف اپنی ہی حکومت کا آڈٹ کریں یہ بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھانے والی بات ہوگی۔

پارٹی کافیصلہ قبول تاہم میری ذاتی رائے میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو دے دینی چاہیے جبکہ دیگر وزرا کی بھی یہی رائے سامنے آئی ہے۔ اس تمام صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔ اس تمام صورتحال کے پیدا ہونے کے بعد ایک تجویز سامنے آئی ہے کہ ن لیگ کے آڈٹ پیراز کو دیکھنے کے لیے ایوان کے منظوری سے ایک سپیشل کمیٹی قائم کی جائے جس کی سربراہی حکومتی رکن کو دی جائے۔ اس کمیٹی کے قیام سے تحریک انصاف کے وزرا اور اراکین کے اعتراضات بھی دور ہوجائیں گے اور حمزہ شہباز کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر ایوان کا گرم ماحول بھی ٹھنڈا ہوجائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات