وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کو قرارداد ارسال کردی

مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے بڑھنے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری

منگل 18 دسمبر 2018 21:41

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کو قرارداد ارسال کی ہے تاکہ دنیاکے انسانی حقوق کے علمبردار اداروںکی توجہ ان خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی جائے۔ وفاقی وزیر نے منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ماضی کے سست روی کے بجائے پیش قدمی کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ مناسب موقع ہے ہمیں چاہیئے کہ اقوام متحدہ کی جانب آگے بڑھیں اور تنازعہ کے حل کا ماڈل پیش کریں اور بھارت کو خواتین اور بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی برادری سے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کے خلاف آواز اٹھائیں۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ سامنے آنے کے بعد دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے بڑھنے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔