الخدمت و ٹویوٹاموٹرزکے تحت 13 ویں عالمی مقابلہ مصوری کا انعقاد

منگل 18 دسمبر 2018 21:43

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) الخدمت کراچی کے آرٹ فن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت پرورش پانے والے 41 یتیم بچوں اور بچیوں نے ٹویوٹا انڈس کمپنی کے تحت منعقد ہونے والے 13 ویں بین الاقوامی پینٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پینٹنگ کے اس مقابلے کا عنوان ’’میری تصوراتی کار‘‘ تھا۔ کُل پاکستان کی بنیاد پر ہر شہر میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کی مختلف کٹیگریز میں اوّل‘ دوم اور سوم آنے والے 9 ننھے مصوروں کو ان کے والدین یا سرپرستوں کے ہمراہ ٹویوٹا کمپنی کی جانب سے جاپان کا ایک ماہ طویل دورہ کرایا جائے گا جہاں انہیں ٹویوٹا موٹر کمپنی کے پلانٹ کے علاوہ دیگر قابل دید مقامات دکھائے جائیں گے۔

الخدمت کراچی کے تحت پرورش پانے والے 41 بچوں نے مختلف عنوانات کے تحت اپنی تصوراتی کار کو رنگ برنگے انداز میں مصور کیا جن میں آگ بجھانے والی کار، ماحول دوست کار، سڑکوں سے کچرا سمیٹنے والی کار، آئس کریم اور چاکلیٹ بنانے والی کار، ہوا میں اُڑنے والی کار وغیرہ خاص طور پر قابل ذکر تھیں۔

(جاری ہے)

اس مقابلے کی خاص بات یہ ہے کہ دنیا بھر سے منتخب ہونے والی ان تصوراتی کاروں کی تصاویر ٹویوٹا موٹر کمپنی کے ڈیزائنرز کے پاس بھیجی جاتی ہیں، جن سے مستقبل میں تیار کی جانے والی کاروں کے لئے ڈیزائن کئے جاتے ہیں۔

الخدمت کراچی کے کمیونٹی سروسز کے بورڈ ممبر اور لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین انجم رفعت اللہ خان نے اس موقع پر دورہ کیا اور بچوں کو تصاویر بناتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹویوٹا موٹر کمپنی کی یہ بین الاقوامی کاوش ایک انتہائی قابل تحسین قدم ہے جس سے ننھے فن کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔