احتساب عدالت کا بابر غوری، جاوید حنیف و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کا معاملہ

عدالت نے سابق ایڈمنسٹریٹررئوف اختر فاروقی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

منگل 18 دسمبر 2018 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) احتساب عدالت میں بابر غوری، جاوید حنیف و دیگر کے خلاف پونے 3ارب روپے سے زائد کرپشن ریفرنس کا معاملہ ،عدالت نے سابق ایڈمنسٹریٹررئوف اختر فاروقی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔منگل کواحتساب عدالت میں کے پی ٹی بھرتی ریفرنس کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے سابق ایڈمنسٹریٹر رئوف اختر فاروقی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے عدالت نے ملزم کی غیر حاضری کے باعث ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے پہلے ہی بابر غوری سمیت تین ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیا جاچکا ہے ، عدالت نے رئوف اختر فاروقی کو گرفتار کرکے 7 جنوری تک پیش کرنے کا حکم دیا ،ریفرنس میں بابر غوری سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ،دیگر ملزمان رئوف اختر فاروقی،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف، محمود شریف شامل ہیں ۔نیب کا الزام ہے کہ ملزمان پر 2012 میں کے پی ٹی میں 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے ،ملزمان نے قومی خزانے کو دو ارب اٹھاسی کروڑ پچپن لاکھ سترہ ہزار آٹھ سو انسٹھ روپے کا نقصان پہنچایا ۔