Live Updates

فروری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں بسنت منائی جائے گی

بسنت کو شایان شان طریقے سے منانے اور اس تہوار سے جڑے تمام مضمرات کا جائزہ لینے کے لیے آٹھ رکن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، فیاض الحسن چوہان

منگل 18 دسمبر 2018 21:54

فروری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں بسنت منائی جائے گی
لاہور ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بسنت ایک ایسا تہوار ہے جو پنجاب کی ثقا فت کا آئینہ دار ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے اس میں منفی رجحانات کی بنا پر پابندی عائد کر دی گئی تھی مگر وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میںمنعقدہ میٹنگ میں اس با ت کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں بسنت کا تہوارمنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے الحمرا آرٹس کونسل میں بسنت کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت بلال احمد بٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اطہر علی خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ثقافت اختر عباس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ بسنت کا تہوار خالصتا ایک ثقافتی، معاشرتی اور روایتی تہوار ہے۔

اسے قطعا کسی خاص مذہب سے جوڑنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کے تہوار کو شایان شان طریقے سے منانے اور اس تہوار سے جڑے تمام مضمرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک آٹھ رکن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس میں وزیر قانون اور پارلیمانی امور راجہ بشارت، وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان، آئی جی پنجاب، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت سمیت سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندہ ارکان شامل ہیں۔

یہ کمیٹی تمام امور کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو آٹھ دن کے اندر پیش کرے گی۔ اور ان سفارشات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب اس تہوار کو منانے کی حتمی منظوری دیں گے۔ وزیر اطلاعات نے اس امر پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ برٹش ائیرویز نے ایک طویل عرصہ کی بندش کے بعد پاکستان میں اپنے فلائٹ آپریشن کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے اور اس بات کی روشن دلیل ہے کہ وطن عزیز امن و امان اور اندرونی استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

مزید برآں وزیر اطلاعات نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے غیرذمہ دارانہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا کہ وہ کس قدر حالات سے بے خبر ہیں کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں صوبہ میں سبز انقلاب برپا کیا گیا ہے جسے اندرون ملک و بیرون ملک ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔ بلین ٹری پراجیکٹ ایک ایسا منصوبہ ہے جسے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں نے سراہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات