ملک میں سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب

منگل 18 دسمبر 2018 22:05

ملک میں سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب
لاہور ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے، اب حالات پہلے سے بہتر ہیں، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پانچ ملکی ہاکی سیریز ہو رہی ہے، پی ایس ایل میں اس دفعہ 8 میچز پاکستان میںرہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب اپریل میں 8 سال بعد پنجاب گیمز منعقد کرا رہا ہے اس کے علاوہ صوبہ بھر میں انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلے بھی ہورہے ہیں، یکم جنوری سے ایک ماہ کے لئے 7 کھیلوں کے کیمپس لگا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے ویلو ڈروم میں 64 ویں نیشنل ٹریک منز سائیکلنگ چیمیئن شپ ایلیٹ و جونیئر اور 13ویں نیشنل ٹریک وومنز سائیکلنگ چیمپئن شپ ایلیٹ و جونیئر کی اختتامی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اظہر علی شاہ، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر معظم علی،جنرل مینجر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سوئی سدرن گیس کمپنی لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب احمد، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو و دیگر بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس نے پنجاب کے جونیئرز اور پاک آرمی کو سائیکلنگ کے ٹائیٹل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 90کی دہائی میں پاکستان چار کھیلوں کا ورلڈ چیمپئن تھا مگر آج کسی بھی کھیل کا ٹائیٹل ہمارے پاس نہیں ہے، ماضی میں ملکی حالات ایسے رہے کہ سپورٹس کو اہمیت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ہر کھیل زوال کا شکار رہا مگر آج حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں، ملک بھر میں سپورٹس کی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، پانچ ممالک کی ٹیمیں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیل رہی ہیں، پی ایس ایل بھی کامیاب رہی، اگلی پی ایس ایل میں پاکستان میں 8میچز کھیلے جائیں گے، اسی طرح سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی انڈر 16 ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اقدامات کئے ہیں، صوبہ بھر میں انٹر تحصیل انڈر 16مختلف کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیںجس میں ہزاروں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ان مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی صوبہ اور ملک کی سطح پر ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے، اس کے علاوہ یکم جنوری سے 7 کھیلوں کے کیمپس مختلف شہروں میں لگائے جائیں گے، ہر کیمپ میں 200کھلاڑی شریک ہوں گے جبکہ 8سال بعد پنجاب گیمز اپریل میں منعقد کرارہے ہیں، ان سرگرمیوں سے سپورٹس کو فروغ ملے گا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، آئندہ سالوں میں کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سامنے آئے گی، سپورٹس بورڈ پنجاب اگلے دو سالوں میں مختلف شہروں میں 14 آسٹروٹرف بچھائے گا، متعدد گرائونڈز میں فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔