تعلیمی اداروں میں طلبا یونین کی بحالی سے جمہوری کلچر پروان چڑھتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

آمرانہ ذہنیت، سیاسی شعوراور جمہوری کلچر سے خائف ہوتے ہیں اس لئے ہر سطح پر جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں،چیرمین پی پی پی کی پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن وسطی پنجاب کے وفد سے ملاقات

منگل 18 دسمبر 2018 22:08

تعلیمی اداروں میں طلبا یونین کی بحالی سے جمہوری کلچر پروان چڑھتا ہے، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبا یونین کی بحالی سے جمہوری کلچر پروان چڑھتا ہے۔ آمرانہ ذہنیت، سیاسی شعوراور جمہوری کلچر سے خائف ہوتے ہیں اس لئے ہر سطح پر جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔ منگل کے روز زرداری ہائو س اسلام آباد میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن وسطی پنجاب کے صدر موسیٰ کھوکھر، جنرل سیکریٹری وقاص احمد عباسی کے زیر قیادت وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

ملاقات میں کامران نثار وڑائچ، حافظ احمد شہزاد اور راجہ ذیشان شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن کی شاندار تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایف سے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لئے تاریخی قربانیاں دیں، تشدد اور مشکلات برداشت کیں، کئی نوجوانوں نے قوم کے روشن مستقبل کے لئے قید و بند کی مشکلات برداشت اور اپنا مستقبل قربان کیا۔

وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اس بات کا یقین دلایا کہ طلبا کی قوت آپ کے ساتھ ہے، آپ کی صورت میں نوجوان قائد ملنا یہ قدرت کا عظیم تحفہ ہے۔طلبا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے تعلیمی اداروں کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سیاسی آزادیوں اور یونینوں کے انتخابات کے حق میں ہیں۔

پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر تعلیمی اداروں میں یونینوں کے انتخابات کے لئے طلبا کے حقوق بحال کرے گی۔انہوں نے کہا کہ طلبا نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا جس طرح ساتھ دیا تھا میرا بھی ساتھ دیں۔ ہم مل کر شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے منشور کی روشنی میں ترقی یافتہ پاکستان بنائیں گے جہاں جمہوری روایات ہوں گی۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا کلچر ہوگا۔ پیپلزپارٹی ملک کو بھوک، بدحالی، بیروزگاری، دہشتگردی اور شدت پسندی جیسے اندھیروں سے پاک کرے گی۔ اس موقع پر فرحت اللہ بابر اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ن۔ ۔طارق ورک