مالی مشکلات کے باجود روات ہسپتال کا46 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی

منگل 18 دسمبر 2018 22:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) پنجاب حکومت نے صحت کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مالی مشکلات کے باجود روات ہسپتال کاچھیالیس فیصد کام مکمل کر لیا ہے،منصوبے کو 473 ملین روپے کی لاگت کی منظوری سے دو سال قبل شروع کیا گیا تھا ۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس اینڈایڈمنسٹریشن ڈاکٹر علی احسن نے منگل کے روز"اے پی پی"سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے صحت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے روات جی ٹی روڈ پر نئے ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ 2016ء میں شروع کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہونا تھا مگر کام میں سست روی کی وجہ سے بروقت مکمل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایا کہ سو بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے سے راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں سے مریضوں کا رش کم ہوگا، پنجاب حکومت کی جانب سے اب تک منصوبے پر 208ملین سے زائد رقم خرچ کردی گئی ہے، حکومت کی جانب سے اس منصوبے کے لئے سالانہ بجٹ سے 50ملین روپے کی رقم منظور ہوئی جس میں سے رواں ماہ ساڑھے آٹھ ملین جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احسن نے بتایا کہ اس ہسپتال میں گیارہ شعبے ہیں جن میں ایمرجنسی،سرجری،آرتھوپیڈک اور گائنی کے شعبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال کے لئے پنجاب حکومت نے 55کنال اراضی جی ٹی روڈ روات پر فراہم کی تھی جبکہ 182ملین سے زائدرقم ہسپتال کی مشینری کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :