چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات

منگل 18 دسمبر 2018 22:14

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ سعودی شوریٰ کونسل کے ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ ریاض میں سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی فرینڈشپ گروپ کے سربراہ عبداللہ الحربی اور گروپ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔

چئیرمین سینیٹ نے شوریٰ کونسل کے سپیکر کو سینیٹ کے اغراض و مقاصد اور کام سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستانی حکومت اور عوام سعودی حکومت کے اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بعد ازاں شوریٰ کے سپیکر نے پاکستانی وفد کو شوریٰ کی بلڈنگ کا دورہ بھی کرایا اور شوریٰ کے کام سے آگاہ کیا۔ وفد نے شوریٰ کی براہ راست کارروائی بھی دیکھی۔ سپیکر نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا۔ چئیرمین سینیٹ نے مہمان نوازی پر عبداللہ بن محمد الشیخ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔