صحافیوں نے نواز شریف کی جانب سے پیش کی گئی چائے ٹھکرا دی

ہم یہاں انصاف لینے آئے ہیں ، چائے پینے نہیں آئے، صحافی چائے چھوڑ کر چلتے بنے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 دسمبر 2018 22:23

صحافیوں نے نواز شریف کی جانب سے پیش کی گئی چائے ٹھکرا دی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 دسمبر 2018ء) :سابق وزیر اعظم کی جانب سے ملنے والی چائے کی دعوت صحافیوں نے ٹھکرا دی ۔گزشتہ روز کے واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم انصاف لینے آئے ہیں ،چائے پینے کے لیے نہیں آئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد ،ْسابق وزیراعظم نوازشریف کے گارڈ نے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بے ہوش گیا۔

سماء ٹی وی سے وابستہ کیمرہ مین واجد شاہ نواز شریف کی پارلیمنٹ سے روانگی کی فوٹیج بنا رہا تھا جب سابق وزیراعظم کے گارڈ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی گارڈ نے کیمرہ مین کو دھکا دے کر زمین پر گرادیا اور اس کے بعد اس کے جسم پر چھلانگیں لگائیں اور چہرے پر لاتیں ماریں جس کے بعد نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے پارلیمینٹ کے گیٹ نمبر ایک پر احتجاجی دھرنا دے کر بلاک کیا اور تشدد کرنے والے ایک گارڈ کو پکڑ کر پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے بھی کر دیا۔واجد علی شاہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔آج سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحافیوں سے خصوصی ملاقات کی جس میں انہوں نے گذشتہ روز کے واقعے کی وضاحت پیش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سیکورٹی گارڈ شکور کے خلاف ایکشن لوں گا لیکن مجھے اعتراض اس بات پر بھی ہے کہ کمیرہ مین نے گارڈ کو مارا۔انہوں نے کہا کل میں اسمبلی سے باہر آیا تو سیکورٹی گارڈ میرے لیے راستہ بنا رہا تھا۔گارڈ صحافیوں کو نہیں بلکہ دیگر افراد کو ہٹا رہا تھا۔شکور نے کیمرہ مین کو دھکا دیا یہ مجھے بھی برا لگا تھا لیکن اس کے بعد کیمرہ مین نے کیمرہ شکور کے سر پر مارا۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے کل کے واقعے پر بہت افسوس ہے یہ موقع نہیں آنا چاہئیے تھا۔میرا میڈیا کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے۔میرے ساتھ جو بھی کاروائی ہوتی رہی اس میں آپ سب بھی ساتھ رہے۔ایسے وقت میں کیسے آپ سب سے الگ ہو جاؤں ۔اس موقع پر نواز شریف نے یقین دہانی کروائی کہ قانون پر قسم کا تعاون کریں گے اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی۔علاوہ وزیں سابق وزیر اعظم کی جانب سے صحافیوں کو چائے کی پیشکش کی گئی تاہم صحافیوں نے نواز شریف کی جانب سے چائے کی دعوت ٹھکرا دی۔صحافیوں کا کہنا تھا کہ ہم یہاں انصاف لینے آئے ہیں چائے پینے نہیں آئے۔