نواز شریف اور آصف زرداری خواہش کے باوجود ملاقات نہیں کر سکتے

دونوں رہنماوں کے جلد جیل جانے کا امکان ہے، نواز شریف کیخلاف نیب کیسز جبکہ آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاونٹس کیس کا فیصلہ ایک ہی روز یعنی 24 دسمبر کو سنایا جائے گا: سیاسی تجزیہ کار

muhammad ali محمد علی منگل 18 دسمبر 2018 22:48

نواز شریف اور آصف زرداری خواہش کے باوجود ملاقات نہیں کر سکتے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) نواز شریف اور آصف زرداری خواہش کے باوجود ملاقات نہیں کر سکتے، سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں رہنماوں کے جلد جیل جانے کا امکان ہے، نواز شریف کیخلاف نیب کیسز جبکہ آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاونٹس کیس کا فیصلہ ایک ہی روز یعنی 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ممکنہ ملاقات کی خبروں پر ردعمل دیا گیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان بظاہر قربتیں بڑھ رہی ہیں، تاہم پھر بھی دونوں رہنماوں کی جلد ملاقات ممکن نظر نہیں آتی۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کیخلاف نیب کیسز جبکہ آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاونٹس کیس کا فیصلہ ایک ہی روز یعنی 24 دسمبر کو سنایا جائے گا، دونوں رہنماوں کے جیل جانے کے واضح امکانات نظر آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امکانات ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری 24 دسمبر تک گرفتار کر لیے جائیں گے، ایسے میں دونوں رہنماوں کے درمیان جنوری میں ملاقات ہونا ممکن نظر نہیں آتا۔ واضح رہے کہ منگل کے روز سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ملاقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں میں جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میاں نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان جنوری میں باقاعدہ ملاقات متوقع ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ نے30 دسمبر سے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نوازشریف اور مریم نوازعوامی رابطہ مہم میں بھی شریک ہوں گے۔ تاہم اس خبر کے سامنے آنے کے فوری بعد ترجمان مسلم لیگ ن نے بھی وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی خبر کی تردید کردی تھی۔