فیصل آباد، شیخ عبد القاد ر جیلانی کی تعلیمات امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں،صاحبزادہ حامد رضا

محبوب سبحانی کے القاب سے مشہور شیخ عبد القادر جیلانی اللہ کے ولیوں میںاعلی مقام کے حامل ہیں، آپ پیدائشی ولی تھے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

منگل 18 دسمبر 2018 22:59

فیصل آباد، شیخ عبد القاد ر جیلانی کی تعلیمات امت مسلمہ کے لیے مشعل ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ شیخ عبد القاد ر جیلانی کی تعلیمات امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ محبوب سبحانی کے القاب سے مشہور شیخ عبد القادر جیلانی اللہ کے ولیوں میںاعلی مقام کے حامل ہیں۔ آپ پیدائشی ولی تھے۔ آپ اپنی ولادت کے بعد رمضان شریف میں طلوع فجر سے غروب آفتاب تک دودھ نہیںپیتے تھے۔

شیخ عبد القادر جیلانی نے تبلیغ اسلام کے لیے پاکستان اور بالخصوص ملتان میں قیام کیا۔آپ کا مزار پرانوار بغداد شریف میں ہے۔ آپ نے غنیتہ الطالبین جیسی عظیم تصنیفات کیں۔ سلسلہ قادریہ آپ کے نام نامی سے منسوب ہے۔ تمام سلاسل میں سلسلہ قادریہ سب سے افضل مانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ علامہ اقبال کالونی میں سالانہ جلسہ غوث الاعظم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اللہ کے ولیوں کی تعلیمات سے دین و دنیا کی مشکلات کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ صوفیاء کے پیروکار امن کے داعی ہیں۔ صوفیاء کے ماننے والے شدت پسند نہیں ہیں۔ چند لوگ اہلسنّت کو بدنام کرکے بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ہم ایسے شرپسند عناصر کا راستہ روکیں گے۔ اہل سنت کو دیوار کے ساتھ لگانے والے علماء اپنی صفیں درست کرلیں۔

پرامن عوام اہلسنّت صوفیاء کے نقش قدم پر چلنے کا عزم رکھتے ہیں۔اہلسنّت نے دہشتگردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں اور پاک فوج کا ساتھ دیا ہے۔ طالبان کی شدت پسندی کو مسترد کرنے کا شرعی بیانیہ اہلسنّت اور سنی اتحاد کونسل نے جاری کیا ہے۔ خود کش حملوں کو سب سے پہلے سنی اتحاد کونسل نے حرام قرار دیا اس لیے اہلسنّت کو شدت پسند یا دہشتگرد کہنے والے اپنا قبلہ درست کریں۔ چند عناصر کے گناہوں کی سزا پوری اہلسنّت کو ہرگز نہ دی جائے۔ ہم ریاست پاکستان کے حامی و فادار ہیں۔ ہم ریاست پاکستان کے لیے جانیں قربان کرنے اور دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جلسے سے مولانا محمد امین رضوی،صاحبزادہ حسن رضا، الحاج محمد صدیق رضوی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔