Live Updates

پولیس کوسیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کے پی کے پولیس نے جوانمردی کی تاریخ رقم کی،

پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کو سیکورٹی اداروں کی تربیت میں منفرد مقام حاصل ہے،پی ٹی آئی نے حکمرانی کی عمارت سزا اور جزا پر کھڑی کی ہے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 23:22

ہنگو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) پولیس کوسیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کے پی کے پولیس نے جوانمردی کی تاریخ رقم کی۔پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کو سیکورٹی اداروں کی تربیت میں منفرد مقام حاصل ہے۔پی ٹی آئی نے حکمرانی کی عمارت سزا اور جزا پر کھڑی کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبر پختون خواہ محمود خان نے پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں 98 ویں پاسنگ آئوٹ تقریب کے موقع پر جوانوں اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں آئی جی صلاح الدین محسود،ممبر قومی اسمبلی خیال زمان اورکزئی،ایم پی اے ظہور شاکر ،ایم پی اے شاہ فیصل،کوہاٹ سمیت صوبے بھر سے پولیس افسران،ضلع ناظم ہنگواور عوامی نمائندے موجود تھے۔آئی جی صلاح الدین محسود نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پولیس کی قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ 1600 جوان اور افسران نے مادر وطن کے لیے جانوں کے نذرانے دئیے، انہوں نے کہا کہ کے پی کے پولیس کو غیر جانبدار،متحرک،فرض شناس اور جدید اسلحہ سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے اور پولیس ٹریننگ کالج ہنگو 98 سال سے ایف آئی اے ،نار کاٹکس،پنجاب ،سندھ ،گلگت بلتستان،موٹر وے اور دیگر پولیس کو ٹریننگ کے فرائض احسن انداز میں دے رہا ہے اور اس ادارے کی خدمات کا پورے ملک میں اعتراف ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

صلاح الدین محسود نے سپاس نامے میں کالج کے مسائل کا بھی ذکر کیا اور حکومت سے کالج میں سٹاف بڑھانے،پولیس ٹریننگ ہسپتال کے لیے ڈاکٹرز کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کیے۔لوئیر،انٹر اور پی اے ایس آئی کی پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ پولیس کو با صلاحیت فورس بنانے کاکریڈٹ عمران خان کو دیاجاتا ہے، ہم نے پولیس کی عددی قوت میں اضافہ کیا،اور اسے سیاسی مداخلت سے پاک کر کے این ٹی ایس اور دیگر شفاف ذرائع کو بھرتی کے عمل میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے جانیں دیکر حکومتی رٹ اور عوام کے جان و مال و آبرو کے تحفظ کا فریضہ انجام دیا۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد اچھی حکمرانی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے اور کے پی کے صوبہ معاشی اور تجارتی سر گرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔وزیر اعلی نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوںکو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عملی زندگی میں میرٹ،انصاف اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی نے کھلی جیپ میں بیٹھ کر پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں سے فرائض اور وطن سے وفا داری کا حلف لیا۔اس موقع پر جوانوں نے شاندار پاسنگ ائٓوٹ پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا۔وزیر اعلی محمود خان نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے جوانوں میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔بعد ازاں انہوں نے ہنگو کے قومی مشران،بلدیاتی نمائندوں کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں اور عوامی مسائل بھی سنے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات