امریکی ریاست ٹیکساس میں اسکول کا نام ملالہ یوسفزئی سے منسوب

فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کا نام تبدیل کر کے ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری رکھ دیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 دسمبر 2018 23:45

امریکی ریاست ٹیکساس میں اسکول کا نام ملالہ یوسفزئی سے منسوب
ٹیکساس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 18 دسمبر2018ء ) :امریکی ریاست ٹیکساس میں فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کا نام تبدیل کر کے ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری رکھ دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملالہ دنیا بھر میں ایک بین الاقوامی شخصیت ،تعلیم کی علامت اور حقوق نسواں کی علمبرادار بن کر ابھری ہیں ۔دنیا بھر میں انکی تعلیم اور خواتین کے لیے جدو جہد کو سراہا جا رہا ہے۔

انکو اب تک نوبل انعام سمیت متعدد بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔وہ اس وقت دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کی امنگ اور ہمت بن چکی ہیں ۔ایک بین الاقوامی شخصیت کی حیثیت سے ملالہ یوسفزئی مختلف تقریبات میں شرکت کرتی رہتی ہیں اور مختلف اہم شخصیات سے ملتی رہتی ہیں۔اب تک کئی ممالک نے اپنے متعدد مقامات کو ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک اسکول کا نام ملالہ یوسفزئی سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ ’فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ‘ نے ووٹنگ کے بعد اسکول کا نام تبدیل کرکے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام پر رکھ دیا، نام تبدیلی کے بعد اسکول کا نام ’ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری ‘ ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سپین کے ایک پارک کو ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کر دیا گیا تھا ۔

پارک کا نام "پارک ملالہ مکئی "رکھا گیا ۔3 سال قبل ٹاؤن کے مئیر نے خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر پارک کو ملالہ یوسفزئی سے منسوب کرنے کا عندیہ دیا تھا جسے دو سال بعد عملی جامہ پہنا دیا گیا ۔پارک میں ملالہ کے تعارف اور اسکی خدمات پر مبنی ایک بورڈ بھی آویزا ں کیا گیا ہے ۔بورڈ پر پارک کا نام اور ملالہ کی تصویر بھی موجود ہے ۔