Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر کسی کے احتساب کی حامی ہے ، وہ کرپٹ افراد سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

بدھ 19 دسمبر 2018 01:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر کسی کے احتساب کی حامی ہے اور وہ کرپٹ افراد سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں احتساب کا جو عمل جاری ہے وہ پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے اور حکومت نے وہ تمام وعدے پورے کرنے کا عزم کر رکھا ہے جو اس نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی تجارت کو بہتر بنا کر آگے بڑھنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برآمدات کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور اپنی دانشمندانہ پالیسیوں کے ذریعے قومی معیشت کو مضبوط بنا رہی ہے، حکومت غریبوں کی ترقی میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اس نے غریبوں کیلئے ہائوسنگ اور شیلٹر کی فراہمی کے فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے شخص ہیں جنہوں نے کرپشن کیخلاف آواز اٹھائی اور نوجوانوں میں ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کی جبکہ ملک میں کرپٹ نظام کی وجہ سے ان نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا تھا اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرپٹ افراد کا احتساب کیا جا رہا ہے۔ انسداد بدعنوانی کے اداروں بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) دیگر تحقیقاتی اداروں کی مدد سے کرپشن کے مقدمات کی آزادانہ تحقیقات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کیلئے نیب کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد خود کو غیر جانبدار ثابت کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات