راجن پور میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں کی فائرنگ‘ایک جاں بحق دوسرا زخمی

حیدرآباد میں لاپتہ نوجوان کی لاش پانی کی ٹینکی سے برآمد‘مقتول3دن سے لاپتہ تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 دسمبر 2018 09:45

راجن پور میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں کی فائرنگ‘ایک جاں بحق ..
راجن پور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 دسمبر۔2018ء) راجن پور تھانہ سٹی کے علاقے میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے بھائیوں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا‘فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے. راجن پور کے نواحی علاقے کوٹلہ گانموں میں 10 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے لڑکی کے بھائیوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیاجبکہ لڑکی اپنی جان بچا کر موقع سے فرار ہو گئی.

پولیس کے مطابق جاوید نے 10ماہ قبل اپنی رشتہ دار لڑکی سے بھاگ کر شادی کی تھی، لڑکی کے بھائیوں نے جاوید کے گھر آکر فائرنگ کر دی‘فائرنگ سے جاوید کا بھائی جاں بحق ہوا ہے جبکہ جاوید زخمی ہوگیا.

(جاری ہے)

ملزمان فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہو گئے، لاش اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے. زخمی جاوید کی حالت تشویشناک ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم روانہ کر دی گئی ہے.

دوسری جانب حیدرآباد میں نوجوان کو بہیمانہ طریقہ سے قتل کر دیا گیا، 16 دسمبر کو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش پولیس نے اولڈ پاور ہاﺅس کے علاقے میں ایک گھر میں پانی کے خالی ٹینک سے برآمد کر لی. پولیس کے مطابق 25 سالہ احسن جمیل کی گمشدگی کی رپورٹ پنیاری پولیس اسٹیش میں 16 دسمبر کو درج کروائی گئی تھی. گزشتہ روز حیدرآباد میں اولڈ پاور ہاﺅس کے علاقے میں واقع ایک گھر کی پانی کے خالی ٹینک سے نوجوان احسن جمیل کی جلی ہوئی لاش برآمد کی گئی ہے.

پولیس ذرائع کے مطابق احسن جمیل کے ایک دوست کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی جسے پولیس نے حراست میں لیا ہوا ہے اور اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے پولیس ابھی مزید تفصیلات فراہم نہیں کر رہی. مقتول کے ورثاءکا دعویٰ ہے کہ احسن جمیل کی بازیابی کے لیے 3لاکھ روپے تاوان کی رقم بھی ادا کی گئی تھی.