شارجہ میں بم کی اطلاع نے خوف و ہراس پھیلا دیا

مشکوک بریف کیس کی موجودگی نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 11:15

شارجہ میں بم کی اطلاع نے خوف و ہراس پھیلا دیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) گزشہ رات شارجہ میں بم کی موجودگی کے اطلاع نے لوگوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب ال مہتّہ کے علاقے میں ایک مشکوک بریف کیس کی موجودگی نے رہائشیوں میں خوف کی لہر دوڑا دی۔ یہ مشکوک بریف کیس شاہ عبدالعزیز روڈ پر واقع دُبئی کمرشل بینک کی بلڈنگ کے قریب لاوارث حالت میں پایا گیا۔

جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے آس پاس کے رہائشی علاقوں کو فوری طور پر خالی کروا لیا۔ پولیس کے مطابق رات پونے دس بجے کے قریب علاقہ رہائشیوں نے ایمرجنسی نمبر پر کال کر کے بتایا کہ ایک بلڈنگ کے باہر بریف کیس پڑا ہے، جس میں بم ہے۔ جس پر پولیس نے فوری طور پر علاقہ خالی کروا لیا اور بینک کی جانب والے تمام راستے بند کر دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم، کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ، فارنزک ٹیم کے علاوہ سول ڈیفنس کے اہلکار بھی پہنچ گئے۔ تفتیشی ٹیموں نے بم کی تلاش میں تمام علاقے کو چھان مارا جس کے بعد ٹیلی فون کال کو غلط فہمی قرار دے دیا۔ پولیس نے مشکوک بریف کیس کھولا تو اس میں سے کتابیں، کاغذات اور کچھ نجی استعمال کی اشیاء برآمد ہوئیں۔ جس سے یہ نتیجہ نکلا کہ کوئی شخص یہ بریف کیس غلطی سے بلڈنگ کے باہر بھول گیا تھا۔

علاقے کی رہائشی ایک خاتون اُمِ یوسف نے کہا کہ وہ اپنے گھر کے پاس پولیس کی ڈھیر ساری گاڑیاں دیکھ کر خوف زدہ ہو گئی۔ پولیس نے اُسے اُس کی رہائشی بلڈنگ میں داخل ہونے سے منع کر دیا۔ پُوچھنے پر پتا چلا کہ یہاں کسی بم کی اطلاع ہے۔ ایک اور رہائشی کا کہنا تھا کہ جب یہ بریف کیس کافی دیر تک لاوارث پڑا رہا، تو پھر خطرہ محسوس کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی گئی۔

متعلقہ عنوان :