کپاس کی پیداوار ایک کروڑ 50 لاکھ گانٹھوں تک لے جانے کا وزیراعظم کا عزم قابل تعریف ہے، اپٹما

کپاس کی پیداوار اور کاشت کے رقبے میں کمی کی وجہ سے کپاس کی درآمد کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا، چیئرمین سیّد علی احسن

بدھ 19 دسمبر 2018 11:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے کپاس کی پیداوار ایک کروڑ50 گانٹھوں تک بڑھانے کے لئے وزیراعظم کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔ ایک بیان میں اپٹما کے چیئرمین سیّد علی احسن نے کہا ہے کہ اگلے سال تک کپاس کی پیداوار ایک کروڑ 50 لاکھ گانٹھوں تک لے جانے کا وزیر اعظم کا عزم قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری کے لئے بڑے خام مال کی حیثیت رکھتی ہے اور برآمدات میں اس کا بنیادی حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بد قسمتی سے کپاس کی پیداوار میں پچھلے کچھ عرصہ کے دوران کمی ہوئی ہے اور اس کی کاشت کا رقبہ بھی 17 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو کپاس کی درآمد کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ملک میں کپاس کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے ہی پچھلے سال ایک ارب 22 کروڑ ڈالر مالیت کی کپاس کی 35لاکھ 90 ہزار گانٹھیں برآمد کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور معیاری بیج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دینی چاہیے تاکہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔