ملک بھر میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

پاکستان بھر میں فی تولہ سونا 67 ہزار800 کا ہوگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 دسمبر 2018 12:06

ملک بھر میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) : پاکستان بھر میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سونے کی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالرکا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 1450روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 67800 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

آل کراچی صرافہ اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق گذشتہ روز بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت 1240 ڈالرسے بڑھ کر1250 ڈالرہوگئی جس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی روز پہلے 850 روپے اور پھر 600 روپے کا اضافہ ہوا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر1450روپے کے اضافے سے 66350 روپے سے بڑھ کر67800 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 1239 روپے کے اضافے سے 56884 روپے سے بڑھ کر58128 روپے کی بلندترین سطح پرپہنچ گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت880.00 روپے اور10 گرام چاندی کی قیمت 754.45 روپے پرمستحکم رہی۔ ملک میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے پر عوام نے کافی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سونا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ایک متوسط گھرانے تعلق رکھنے والا اپنی بیٹی یا بہو کو شادی پر سونے کے زیورات دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ غریب عوام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی میں ہونے والے اضافے نے عوام کو مشکلات میں گھیر دیا ہے۔