اقتصادی اصلاحات سے بجٹ خسارے پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، سعودی ولی عہد

بدھ 19 دسمبر 2018 12:50

اقتصادی اصلاحات سے بجٹ خسارے پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، سعودی ولی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اقتصادی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں، سعودی وژن 2030ء کے مقاصد کے حصول کے لیے قومی معیشت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انھوں نے سعودی عرب کے مالی سال 2019ء کے بجٹ کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال کے دوران میں بجٹ سے سرکاری مالیاتی انتظام کی کارکردگی میں بہتر ی جاری رہی ہے اور معاشی استحکام اور مالیاتی پائیداری کو فروغ ملا ہے۔

انھوں نے واضح کیا ہے کہ مالیاتی استحکام اقتصادی ترقی اور شرح نمو میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔گذشتہ دو سال کے دوران میں جن اقتصادی اصلاحات اور اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا ہے،ان سے بجٹ خسارے میں 2016ء میں 12.8 فیصد ،2017ء 9.3 فیصد اور2018ء میں 4.6 فی صد تک کمی لانے میں مدد ملی ہے اور اسی شرح سے سالانہ اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد نے ان اصلاحات کے موثر ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی افادیت کا قومی معیشت کی شرح نمو میں اضافے کے اشاریوں سے بھی پتا چلتا ہے۔

انھوں نے بجٹ کی سرکاری دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران میں مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی) کی شرح نمو میں 2.69 فی صد کے حساب سے اضافہ متوقع ہے جبکہ 2017ء میں جی ڈی پی کی شرح میں سالانہ 0.9 فی صد اور 2018ء میں 3.2 فی صد اضافہ ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آمدن کے ذرائع کو متنوع بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وہ غیر تیل آمدن کے ذرائع کو بڑھا کر مالیاتی استحکام کے لیے کوشاں ہے۔