اینجلو میتھیوز کے پش اپس لگا کر مصباح کی یاد تازہ کر دی

آل راﺅنڈر نے کیویز کیخلاف سنچری مکمل کرکے پش اپس لگائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 دسمبر 2018 12:37

اینجلو میتھیوز کے پش اپس لگا کر مصباح کی یاد تازہ کر دی
ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19دسمبر2018ء) ویلنگٹن ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر انجیلو میتھیوز نے سنچری کے بعد پش اپس لگا کرسابق پاکستانی کپتان مصباح الحق کی یاد تازہ کر دی۔31سالہ انجیلو میتھیوز کو سابقہ سری لنکن سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ ماہ فٹنس مسائل کو جواز بنا کر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا تھا، اب انھوں نے کیویز کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جیسے ہی اپنے کیریئر کی نوویں سنچری مکمل کی تو 10پش اپس لگا کر بتایا کہ وہ اب بھی تھکے نہیں اور مکمل فٹ ہیں، اس کے بعد انھوں نے ڈریسنگ روم کی طرف مسلزدکھانے کااشارہ کیاحالانکہ اس وقت وہ پوری آستین کی شرٹ پہنے ہوئے تھے، یہ ان کا کوچ چندیکا ہتھوراسنگھے کو بھی جواب تھا جو انھیں ون ڈے سیریز کے لیے ڈراپ کرنے کے فیصلے میں شامل رہے تھے۔

(جاری ہے)

میتھیوز اب تک 79ٹیسٹ میچز میں 44.34کی اوسط سے 5499رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 9سنچریاں اور33نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ 2016ءکے انگلینڈ سے لارڈز ٹیسٹ میں سنچری کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بھی 10پش اپس لگائے تھے اور میچ جیتنے پر پوری ٹیم نے بھی ایسا ہی کیا، یہ گرین کیپس کی جانب سے سخت ٹریننگ کرانے والے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے ٹرینرز کو گرین کیپس کا خراج تحسین تھا۔