سوشل میڈیا سائٹ فیس بُک نے ایک اور جوڑی بنا دی

ملائیشیا کی خاتون پشاور کے رہائشی نوجوان قاسم کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 دسمبر 2018 13:07

سوشل میڈیا سائٹ فیس بُک نے ایک اور جوڑی بنا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) : سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بُک نے ایک اور جوڑی بنا دی۔ ملائیشیا کی ایک خاتون پشاور کے رہائشی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی اور شادی کی تیاری شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نور فضیحہ نامی ملائشین خاتون نے پشاور آ کر قاسم علی شاہ سے شادی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ نور فضیحہ کے والد شانگلہ کے رہائشی تھے اور والدہ ملائشین تھیں۔

نور اور قاسم کا ایک دوسرے سے کچھ عرصہ قبل فیس بُک پر رابطہ ہوا، دونوں نے ایک ساتھ مل کر آن لائن بزنس بھی کیا تھا۔ چونکہ نور فضیحہ کے والد شانگلہ سے تعلق رکھتے تھے اس لئے نور پشتو، انگلش اور مالائی زبان پر عبور رکھتی ہے۔ اس سے قبل ایک میکسیکن خاتون پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

میکسیکن خاتون کی سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوان سے دوستی ہوئی،جس کے بعد دونوں کی دوستی پیار میں بدل گئی اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپنی محبت کے ہاتھوں مجبور ہو کر میکسیکن خاتون ساہیوال پہنچ گئی اور اسلام قبول کرنے کے بعد ساہیوال کے رہائشی ساجد کے ساتھ نکاح کر لیا۔ ساجد کی شادی میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی جنہوں نے نو بیاہتا جوڑے کو نئی زندگی شروع کرنے پر خوب دعائیں دیں۔ سوشل میڈیا نے ایک پاکستانی دوشیزہ کو اس کے دلہے سے ملا دیا اور چینی نوجوان پاکستانی دوشیزہ کو بیاہ لے گیا۔

اس سے قبل قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر مجیب الرحمان کی امریکی خاتون بریٹنی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور بریٹنی پاکستان پہنچ کر رشتہ ازدواج میں بندھ گئی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی 21 سالہ کاشف کی محبت میں مبتلا 41 سالہ امریکی خاتون نے اپنا گھر بار اور ملک چھوڑا اور پاکستان پہنچ کر نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ کاشف سے شادی بھی کر لی۔

جس کے بعد امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچی۔23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔ محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی اور شادی کر لی۔ جبکہ آن لائن گیم ''پوکر'' کھیلتے کھیلتے امریکی خاتون منڈی بہاؤالدین کے 26 سالہ نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو گئی۔امریکی خاتون نے اپنی محبت کی خاطر امریکہ سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان شادیوں کے حوالے سے کئی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔