Live Updates

پی ایس ایل4 ، علی ترین نے چھٹی ٹیم کے لیے بولی دیدی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے کا بھی ٹیم خریدنے میں اظہار دلچسپی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 دسمبر 2018 13:08

پی ایس ایل4 ، علی ترین نے چھٹی ٹیم کے لیے بولی دیدی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ میں ” چھٹی ٹیم “(سابقہ ملتان سلطانز ) کو خریدنے کے لیے بولی دے دی ہے ۔علی ترین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ”بولی جمع کروادی ہے ، پوری کوشش ہے کہ ٹیم کو جنوبی پنجاب میں ہی رکھا جائے “۔

یاد رہے کہ اس سے قبل علی ترین نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم خریدنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا عندیہ دیا تھا ، علی ترین نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ”گزشتہ سال جب ملتان سلطانز کو5.2ملین ڈالرز میں بیچا گیا تو مجھے لگا کہ یہ قیمت کچھ زیادہ ہی ہے ،ایک سال بعد اس فرنچائزکے مالک پی سی بی کو فیس ادا کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث اب اس کو دوبارہ فرخت کرنیکا منصوبہ بنایا جارہا ہے ،اس ٹیم کو جنوبی پنجاب میں رکھنے کے لیے میں نے 4ملین ڈالرز کی بولی دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن خبر یہ ہے کہ پھر5ملین کراس ہوگا،اب میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کررہا ہوں“۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ایک اور ٹویٹر پیغام میں علی ترین کا کہنا تھا کہ ”بعض افراد کی جانب سے 5ملین ڈالرز کی بولی لگائے جانے کی خبر غلط نکلی ہے ،ایک گروپ نے مجھے بتایا کہ وہ 7ملین ڈالرز کی بولی دے گا ،گزشتہ سال بھی لوگوں نے اسی طرح کے دعوے کیے تھے لیکن کسی نے 5.2ملین ڈالرز سے زیادہ کی بولی نہیں لگائی “۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی کے بیٹے زین قریشی نے بھی پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کو خریدنے کا عندیہ دیا تھا ، زین قریشی کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ”جنوبی پنجاب نے پاکستان کو چند عظیم کرکٹرز دیئے ہیں ، پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کو ملتان میں ہی رہنا چاہیئے، پی ایس ایل میں تھوڑ ا سرائیکی تڑکا بھی ہونا چاہیئے“۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات