سعودی عرب نے ای ویزہ سہولت متعارف کرا دی

چند منٹوں میں ویزے کی یہ سہولت تقریباً تین درجن ممالک کو دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 13:24

سعودی عرب نے ای ویزہ سہولت متعارف کرا دی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دُنیا کے چند منتخب ممالک کے شہریوں کے لیے جلد ای ویزہ کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس منفرد ای ویزہ سہولت کی بدولت ایک آن لائن فارم پُر کر کے سبمِٹ کرنا ہو گا جس کے بعد چند منٹوں کے اندر اندر ویزہ کا حصول ممکن ہو جاتا ہے۔ فوری آن لائن ویزے کی یہ سہولت ریاست ہائے متحدہ امریکا، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، ملائشیا، سنگھاپور، برونائی کے علاوہ شینجن سٹیٹس آسٹریا، بلجیئم، چیک ریپبلک، ڈنمارک، اسٹونیا، فرانس، جرمنی، یونان، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لیٹویا، لیشٹن سٹائن، لتھوانیا، لکسمبرگ، مالٹا، نیدر لینڈز، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلواکیہ، سلوانیہ، سپین، سویڈن اور سوئزر لینڈر کو دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس سہولت کی بدولت ان مذکورہ ممالک کے شہری آن لائن اپلائی کر کے فوری طور پر ویزہ حاصل کر سکیں گے۔ گذشتہ دِنوں سعودی مملکت میں منعقد ہونے والے ای فارمولا ریس میں مغربی ممالک کے ہزاروں سیاح اس ریس کو دیکھنے کے لیے ریاض پہنچے۔ یہ سب کچھ اس تازہ لانچ کی گئی ای ویزہ سہولت کے باعث ہی ممکن ہو پایا۔ ہزاروں غیر مُلکیوں نے فوری طور پر ویزہ حاصل کیا اور مملکت پہنچ گئے۔

ان غیر مُلکیوں نے جہاں ریس سے لطف اُٹھایا وہاں عرب کے صحراؤں کی سیر بھی کی اور تاریخی مقامات کو بھی دیکھا۔ ان غیر مُلکیوں کا کہناتھا کہ اُن کا سعودی مملکت کے بارے میں یہاں آنے سے قبل بہت منفی تاثر تھا، جو یکسر بدل گیا ہے۔ وہ اپنے دیگر ہم وطنوں کو بھی ترغیب کریں گے کہ وہ زندگی میں ایک بار سعودی عرب کا ضرور رُخ کریں۔