بین الاقوامی ادارے بھارت کے ساتھ تجارتی روابط کو تنازعہ کشمیرکے پر امن حل سے مشروط کریں، اشرف صحرائی

بدھ 19 دسمبر 2018 14:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بین الاقوامی تجارتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو تنازعہ کشمیرکے پر امن حل سے مشروط کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ بین الاقوامی تجارتی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے خلاف فوجی آپریشن بند کرنے اور تنازع کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پردبائو ڈالیں۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ تجارت روکنے کے عمل سے بھارت یہ سمجھنے پر مجبور ہو گا کہ انسانی اور سیاسی حقوق و اقدار عالمی اقتصادی روابط سے زیادہ اہم ہیں۔ دریں اثنا محمد اشرف صحرائی نے فلسطین، کشمیر اور روہنگیاکے حوالے سے ’’پاکستان پارلیمنٹری فورم‘‘ تشکیل دینے کے حوالے سے پاکستان کے ایوان بالا کے رکن مشاہد حسین سید کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ عالمی برادی کے اندر یہ احساس روز بہ روز بڑھتا جا رہا ہے کہ حل طلب تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل کشیدی اور خطے کے امن کیلئے سخت خطرے کا باعث ہے