بھارتی فوج کشمیرمیں جاری جنگ نہیں جیت سکتی

فوج دوسری فوج سے لڑسکتی ہے، عوام سے نہیں ، جسٹس مارکنڈے کاٹجو

بدھ 19 دسمبر 2018 14:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) بھارتی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں ایک ایسی جنگ میں مصروف ہے جو وہ جیت نہیں سکتی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس کاٹجو نے ایک نیوز ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں کہاہے کہ فوج دوسری فوج سے تو لڑسکتی ہے لیکن عوام سے نہیں لڑسکتی۔

انہوں نے کہاکہ ایک شیر ایک جانور کو تو مارسکتا ہے لیکن مچھروں کی ایک بھیڑ کو نہیں مارسکتا۔جسٹس کاٹجو نے اپنے مضمون میں بھارتی فوجیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل کیٹل اور جنرل جوڈل یاجنرل ٹوجو اوریاماشیتا کی طرح پیش نہ آئیں جنہیں مظالم کا قصوروار قرار دیا گیا اورنیورمبرگ اورٹوکیو ٹریبونلز نے انہیں پھانسی کی سزا سنائی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لوگ سمندر ہیں اور گوریلا ایک مچھلی ہے جو اس سمندر میں تیرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے الفاظ میںگوریلا جنگ صرف لوگوں کی حمایت سے ہی ممکن ہے اور کشمیری عسکریت پسندوں کو یہ حمایت حاصل ہے۔ جسٹس مارکنڈے نے کہاکہ انہیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اصل مجرم ہمارے سیاستدان ہیں جنہوں نے فوجیوں کو قربانی کا بکرا بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نہیں بتا سکتا کہ کشمیر کا تنازع کیسے ختم ہوگا اور اس کا حل کیا ہوگا لیکن یہ طے ہے کہ بھارتی فوج کوکشمیر میں طویل عرصے تک رہنا پڑے گا۔

جنرل ویہیلم کیٹل دوسری عالمی جنگ میںفوج کے جنرل اور جرمن فوج کے سربراہ تھے ۔ انہیںجنگی جرائم کی پاداش میں نیورمبرگ میں سزائے موت دی گئی تھی۔جوڈل الفریڈ بھی ایک فوجی جنرل اور جنگ کے دوران جرمن فوج کے آپریشنل سربراہ تھے۔