سعودی باشندوں کے لیے پاکستان کے وِزٹ ویزہ فیس میں کمی کر دی گئی

کمی کے بعد وِزٹ ویزہ فیس 3600 ریال جبکہ تجارتی ویزہ فیس 5000 ریال ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 14:05

سعودی باشندوں کے لیے پاکستان کے وِزٹ ویزہ فیس میں کمی کر دی گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) سعودی باشندوں کے لیے پاکستان کے وزٹ ویزہ اور تجارتی ویزہ فیس میں نمایاں کمی کر دی گئی۔ اس طرح اب سعودیوں کے لیے وِزٹ ویزہ فیس 60 ڈالر اور تجارتی مقاصد کے لیے جانے والوں کے لیے 90ڈالر تک محدود ہو گئی ہے۔ دُوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے بھی پاکستانیوں کے لیے وِزٹ ویزہ فیس میں جلد کمی کا اعلان متوقع ہے۔

پاکستانی قونصل خانے کے مطابق سعودی شہریوں کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی سفارش سعودی عرب میں قائم پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے کی گئی تھی، جس کی پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے منظوری دے دی گئی۔ سعودیوں کو پاکستان کا وِزٹ ویزہ ایک ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے جس کی مُدت میں توسیع کروائی جا سکتی ہے۔ ویزہ فیس میں کمی سے قبل عام سعودی شہریوں کے لیے پاکستانی وِزٹ ویزے کی فیس 60 ڈالر (3600 سعودی ریال) اور تجارتی ویزے کی فیس 90 ڈالر (5000 ریال ) تھی جنہیں اب گھٹا کر بالترتیب 225ریال اور 337 ریال کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی قونصل خانے کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے بھی عنقریب پاکستانی شہریوں کے لیے وِزٹ ویزے کی فیس 2000ریال سے گھٹا کر خاصی کم کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بھارت، اُردن، مصر اور دیگر ممالک کے باشندوں کے لیے وِزٹ ویزہ فیس پہلے ہی گھٹا کر 305 ریال کر دی گئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی خارجہ وزارتوں کے درمیان سعودی وِزٹ ویزہ فیس میں کمی کے حوالے سے گفت و شُنید کا سلسلہ جاری ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں اتفاق رائے ہو جائے گا۔ وِزٹ ویزہ فیس میں کمی کے باعث مملکت میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو بڑی سہولت مِل جائے گی۔ یہ لوگ اپنے اہلِ خانہ کو انتہائی کم لاگت پر سعودی مملکت میں بُلا سکیں گے۔