Live Updates

عمران خان نے مڈ ٹرم کی بات کرکے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کر لیا ہے ،ْ سید خورشید شاہ

بدھ 19 دسمبر 2018 14:42

عمران خان نے مڈ ٹرم کی بات کرکے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کر لیا ہے ،ْ سید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہاہے کہ عمران خان نے مڈ ٹرم کی بات کرکے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کر لیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اپوزیشن بضد ہے کہ یہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے کیوں کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ روز روز غیر یقینی صورتحال پیدا کرکے عوام کو آزمائش میں ڈالا جائے، ملک پہلے ہی بدترین معاشی صورتحال کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت 4 ماہ میں ایکسپوز ہو گئی ہے، وزیراعظم 4 ماہ میں ہی کہہ دے کہ مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں تو اس سے بڑی ناکامی کیا ہو گی، عمران خان نے حکومت اور اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا، ایسا تو ملک کے کمزور سے کمزور وزیراعظم نے بھی نہیں کہا، حتیٰ کہ چوہدری شجاعت چند روز کے لئے آئے تھے انھوں نے بھی ایسا نہیں کہا۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اور حکومت کی ناکامی پارلیمنٹ کی ناکامی ہر گز نہیں، اب بھی فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے، نئے انتخابات ہوں گے یا پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی آئے گی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات