سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرز حاصل ہوں گے ،ْ اسد عمر

سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز مل چکے ہیں اورآئل فیسلیٹی جنوری سے شروع ہوجائے گی ،ْوزیر خزانہ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

بدھ 19 دسمبر 2018 14:42

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرز حاصل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرز حاصل ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق فاروق نائیک کے زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرنے کمیٹی کو بریفنگ دیتے کہا کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز مل چکے ہیں اورآئل فیسلیٹی جنوری سے شروع ہوجائے گی، اگلے تین سال ماہانہ 27 کروڑڈالرز کا تیل سعودی عرب سے ادھارملے گا، سعودی عرب سے قرض کی مجموعی رقم 6 ارب ڈالرز ہوگی، متحدہ عرب امارات سے مذاکرات بھی آخری مراحل میں ہیں اورآئند چند دنوں میں معاملات طے پا جائیں گے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرزحاصل ہوں گے اورتینوں ممالک سے حاصل ہونے والی رقم رواں سال کا خسارہ پورا کرنے کے لئے کافی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیراسد عمرنے کہا کہ یواے ای کے علاوہ چین سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، میں حلف لینے کے دس دن بعد سے آئی ایم ایف سے رابطے میں ہوں، ہم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل میں تجاویزمانگی تھیں، ماسوائے ایک کے تمام معیشت دانوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تجویزدی جب کہ آج بھی میری آئی ایم ایف حکام سے وڈیوکانفرنس ہوگی اورامید ہے مزید پیش رفت ہوگی۔