کرسمس اور یوم قائد اعظم پر صفائی کیلئے مسلم سنٹری ورکرز کی چھٹیاں منسوخ

فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کرسمس اور یوم قائد اعظم پر صفائی کی صورتحال بہتر رکھنے کے لئے تمام مسلم سنٹری ورکرز کی 24 و 25دسمبر کی چھٹیاں منسوخ کر دیں گئیں، شہر میں چرچز کی اندرونی و بیرونی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع

بدھ 19 دسمبر 2018 14:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کرسمس و یوم قائد اعظم پر صفائی کی صورتحال بہتر رکھنے کے لئے تمام مسلم سنٹری ورکرز کی24 و 25دسمبر کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ شہر کے تمام چرچز کی اندرونی و بیرونی صفائی کا عمل بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے ۔فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینئر منیجر آپریشن نے بتایا کہ کرسمس کے حوالے سے صفائی کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہر بھر کے تمام چرچوں میںورکرز بہترین طریقے سے اپنا کام سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسپیشل صفائی صرف چرچوں کے اندر ہی نہیں بلکہ باہر اور اس سے منسلک روڈ وں پر بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہرمیں صفائی کا نظام بہتر ر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے اے ایم ،ڈی ایم اور منیجر آپریشنز بھی موجود ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شکا یات کے اندراج کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا تا کہ شکایات کا جلد از جلد ازالہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کرسچین کمیونٹی کیلئے سستے بازار میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ورکرز ڈبل شفٹ میں صفائی کا خاص خیا ل رکھیں گے۔