Live Updates

الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کی نا اہلی کے لیے ریفرنس دائر کریں گے

آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے، اثاثے ظاہر نہ کرنے پر ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 دسمبر 2018 14:39

الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کی نا اہلی کے لیے ریفرنس دائر کریں  گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں آصف زرداری کی نا اہلی کے لیے ریفرنس دائر کریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت اثاثے ظاہر کرنا لازمی ہوتا ہے۔ لیکن آصف علی زرداری نے اپنے اثاثہ جات میں اپارٹمنٹ ڈکلئیر نہیں کیا۔

آصف علی زرداری امریکہ میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں۔ آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی پر آصف زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لُوٹنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔پاکستان کی سیاست میں صحتمند رجحان سامنے آئے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں کرپشن سے پاک حکومت کی ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں بھی تبدیلی آئے گی ۔ پاکستان کی معیشت پر چھائے ہوئے کالے بادل اب چھٹ رہے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ میں عمران خان کی معیشت میں تبدیلی لانے کی حکمت عملی پر ایک آرٹیکل بھی چھاپا گیا۔ عمران خان صرف اور صرف غریب کی بات کر رہے ہیں۔ ان کی پالیسیز رحم کے اوپر مبنی پالیسیز ہیں۔ یہی ایک چیز تھی جو سابقہ حکومتوں میں موجود نہیں تھی ، انہیں عوام سے ہمدردی نہیں تھی ، سابقہ حکومتوں میں سے کسی نے عوام کا خیال نہیں کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست پالیسیاں بنا رہی ہے جو ہمدردی اور رحم کے اوپر مبنی ہیں ۔ رسول اللہ ﷺ نے بھی ریاست مدینہ میں رحم پر مبنی پالیسیاں بنائی تھیں۔ یہی پالیسیاں ریاست مدینہ کی اساس تھیں، اسی بنیاد پر ہم بھی اس نظام کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ ہم نے بھارتی شہری حامد انصاری کو رحم کی بنیاد پر ہی رہا کیا۔ حامد انصاری کی جو کہانی ہے اس کے اوپر ہالی وڈ اور بالی وڈ کی فلمیں بن سکتی ہیں۔ کرتار پور راہداری کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے بھارتی مہمانوں نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے حامد انصاری کی رہائی کا معاملہ اُٹھایا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم کرپشن فری نظام کی بنیاد رکھیں گے اور ہم اسی لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات