بیلٹ پیپرز پر نوٹا آپشن شامل کرنے سے تعلق درخواست پر الیکشن کمشن کو جواب داخل کروانے کا آخری موقع

لاہور ہائیکورٹ نے جنوری کے دوسرے ہفتے سے درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیدیا

بدھ 19 دسمبر 2018 15:12

بیلٹ پیپرز پر نوٹا آپشن شامل کرنے سے تعلق درخواست پر الیکشن کمشن کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے بیلٹ پیپرز پر نوٹا آپشن شامل کرنے سے تعلق درخواست پر الیکشن کمشن کو جواب داخل کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے جنوری کے دوسرے ہفتے سے درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیدیا ۔ جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حق رائے دہی ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے مگر بیلٹ پیپرز پر نوٹا کی آپشن نہ ہونے کی وجہ سے ووٹر کے پاس محدود حق رائے دہی رکھتا ہے اور ووٹر کو نہ چاہتے ہوئے بھی موجود امیدواروں میں سے کسی ایک کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنا پڑتا ہے،اگر کوئی امیدوار، پسند نہ ہو تو ووٹر اپنا ووٹ منسوخ کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق بھارت سمیت متعدد ممالک میں انتخابات میں نوٹا کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے تحت ووٹر اگر کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینا چاہے تو وہ نوٹا پر نشان لگا دیتا ہے، نوٹا کا آپشن، ہر ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہے ۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز میں نوٹا کا آپشن شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے الیکشن کمشن کو جواب داخل کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے جنوری کے دوسرے ہفتے سے درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیدیا ۔