مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے بد ترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،کشمیری نوجوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،شاہ غلام قادر

اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو چاہیے کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو بند کروائیں ،سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی

بدھ 19 دسمبر 2018 15:14

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے بد ترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ بھارتی افواج نہتے کشمیری عوام کا قتل عام کر کے سنگین دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو بند کروائیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو رائے شماری کے ذریعے حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ دو دنوں میں 14نہتے کشمیری نوجوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارتی افواج کے مظالم جلد اختتام پزیر ہونگے۔ ظُلم پھر ظُلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ سپیکر اسمبلی نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری باشندوں میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ آزاد ی مانگنا کوئی جُرم نہیں ، اس سفر میں لاکھوں جانیں قربان ہو چکی ہیں اور آزاد ی سے کم کوئی فیصلہ کشمیری عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ آزادی کی جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک ریاست کا چپہ چپہ بھارتی افواج کے چنگل سے آزاد ہو کر تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب پورا نہیں ہو جاتا۔