برطانیہ میں کالعدم تنظیم سے تعلق ،بیٹے کا نام ہٹلر رکھنے پر والدین کو 6 سال قیدکی سزا

بدھ 19 دسمبر 2018 15:14

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) برطانیہ میں ایک جوڑے کو اپنے نومولود بچے کا نام ہٹلر رکھنے اور نازی جرمنی کی جھنڈے کی خصوصی علامت سواستیکا کے ساتھ تصاویر بنانے کی پاداش میں قید کی سزا سنادی گئی۔برطانیہ کے مقامی اخبارات میںشائع ہونے والی خبروں کے مطابق 22 سالہ آدم تھا مس اور 38 سالہ کلوڈیا پاٹاٹاس کو برمنگھم کی ایک مقامی عدالت نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ہٹلر رکھنے پر طلب کیا۔

عدالت نے بیٹے کا نام ہٹلر رکھنے والے بچے کے والد کو 6 سال 6 ماہ اور ماں کو5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کو یہ سزا صرف اس لیے نہیں دی گئی کہ انہوںنے بچے کا نام ہٹلر رکھا ہے بلکہ پولیس کی تحقیقات کے مطابق ان دونوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ بھی بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نازیوں کی حمایت کرنے والی اس تنظیم کو برطانیہ میں 2016ء میں ایک عدالتی حکومت پر کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیاہے کہ بچے کا نام ہٹلررکھنے والے والدین کی تشدد اور نسل پرستی کے عقائد کی طویل تاریخ ہے۔ عدالت نے ان کے خاندان کے ایک قریبی دوست دارین فیلیٹچر کو بھی شدت پسندانہ خیالات رکھنے کی پاداش میں5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔رپورٹ کے مطابق بچے کانام ہٹلر رکھنے کے کیس میں اس کے والدین سمیت 6 افراد کو سزائیں دی گئیں۔واضح رہے کہ یورپی ملکوں میں ہٹلرکا تذکرہ اور جرمنی کے نازیوں کے حوالے سے کوئی بھی بات جرم تصور کی جاتی ہے۔