بسنت پر پابندی ہٹانے کے فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

بدھ 19 دسمبر 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب حکومت کا بسنت پر پابندی ہٹانے کے فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2005میں بسنت پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔

پنجاب حکومت نی2009میں بسنت کیخلاف باقاعدہ قانون پاس کیا تھا۔پتنگ بازی کی وجہ سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔جبکہ سینکڑوں مائوں کے بیٹے قاتل ڈور سے اپنی گردنیں کٹوا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ترقیافتہ ممالک میں 150نمبر پر ہے اور حکومت کو بسنت منانے کی پڑی ہے۔حکومت بسنت منانے کی بجائے ملک کی معاشی صورتحال پر توجہ دے۔حکومت نے اپنے طور پر بسنت منانے کا فیصلہ کرکے توہین عدالت کی ہے۔

بسنت اب کھیل نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے خاتمے کا باعث بن چکی ہے۔لہذا یہ ایوان پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ بسنت پر پابندی برقرار رکھی جائے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کو فوری اس فیصلے کا سو موٹو نوٹس لینا چاہیے ۔پنجاب حکومت بسنت منانے کے فیصلے کو فی الفور واپس لے ۔اپوزیشن حکومت کوانسانی جانوں کے ضیاع کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔