دینی مدارس نسل نو کے ایمان اور اسلام کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہیں‘مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی

جامعہ اشرفیہ لاہور میں پیغام مدارس دینیہ کانفرنس کے انتظام کے سلسلہ میں اہم اجلاس مختلف علماء کی شرکت

بدھ 19 دسمبر 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) جامعہ اشرفیہ لاہور میں گذشتہ روز مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا حافظ اسعد عبید ، مولانا قاری محمد رفیق وجھوی، مولانا علیم الدین شاکر،مفتی انیس احمد مظاہری، مولانا عبداللہ مدنی، مولانا قاضی محمد اویس، مولانا مفتی عزیز الرحمن، مفتی خرم یوسف، مفتی محمد سلیم ،مولانا مسعود الحسن سمیت دیگر علماء نے شرکت کی اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام 23 دسمبر بروز اتوار دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ناصر باغ لوئر مال روڈ لاہور میں منعقد ہونے والی پیغام مدارس دینیہ کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میںجائزہ لیا گیا اجلاس میں کانفرنس کی کامیابی کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اس موقعہ پر مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور دیگر علماء نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس نسل نو کے ایمان اور اسلام کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہیںانہوں نے کہا کہ دینی مدارس سب سے بڑی اسلامی این جی اوز ہیں جو لاکھوں طلباء و طالبات کو بلامعاوضہ تعلیم کے زیور سے اراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو رہائش اور خوراک کی سہولت مہیا کرتے ہیں یہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہدایت کے سرچشمے اور اشاعت دین کا بہترین ذریعہ ہیں23 دسمبر کو ناصر باغ لاہور میں منعقد ہونے والی پیغام مدارس دینیہ کانفرنس سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی راہنماء مولانا ڈاکٹر عادل خان، حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا قاضی عبدالرشید، قاری احمد میاں تھانوی، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا سید رشید میاں، مولانا محب النبی، مفتی عزیز الرحمن، مولانا سید محمود میاں، مولانا مفتی خرم یوسف سمیت دیگر نامور علمی و دینی شخصیات شرکت و خطاب کریں گی یہ کانفرنس دینی مدارس کے خدمات کو عام کرنے اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور ملک کی ترقی و استحکام کا باعث ہوگی۔