معمار پاکستان علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ کی قیام پاکستان کے لیے خدمات تاریخ کا روشن حصہ ہیں‘مقررین

علامہ شبیر احمد عثمانیؒ نے قیام پاکستان میں بنیادی کردار ادا کیا ،قائداعظمؒ کی ہدایت پر قیام پاکستان کے موقعہ پر آزادی کا پرچم لہرایا

بدھ 19 دسمبر 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) تحریک پاکستان کے عظیم راہنماء اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ہدایت پر1947 میں پاکستان کی آزادی کا پرچم لہرانے والے معمار پاکستان شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانیؒ کا یوم وفات کے حوالہ سے گذشتہ روز مختلف دینی و مذہبی جماعتوں نے جلسے سیمنار اور دیگر تقریبات منعقد کیں اس سلسلہ میں انٹرنیشنل ختم نبوت کے مرکزی امیر فضیلة الشیخ ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ، مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، مولانا عبدالرؤف مکی، مولانا عبدالصمد مکی،مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے، مولانا قاری محمد رفیق وجھوی اور دیگر علماء نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہا کہ علامہ شبیر احمد عثمانیؒ کی دیگر علماء کے ہمراہ قیام پاکستان کے لیے کی گئی کوششوں اور بے مثال جدوجہد ناقابل فراموش اور تاریخ کا روشن حصہ ہے علامہ شبیر احمد عثمانیؒ نے حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ کی ہدایت پر دیگر مفتی محمد شفیعؒ ، مولانا ظفر احمد عثمانیؒ،مفتی محمد حسن ؒاور دیگر علماء دیوبند کے ہمراہ تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے قیام پاکستان میں بنیادی کردار ادا کیا اس لیے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی خواہش پر شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ نے مشرقی پاکستان اور علامہ ظفر احمد عثمانیؒ نے مغربی پاکستان میں آزادی کا پرچم لہرایا’ سرحد اور سلہٹ کے علاقوں کو ریفرنڈم کے ذریعہ پاکستان کا حصہ بنانے میں بھی علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ کا روشن کردار ہے علامہ شبیر احمد عثمانیؒ نے قرار داد مقاصد کے ذریعہ پاکستان کو اسلامی دستور دیا اور اسی کی بنیاد پر 1973 کا آئین ترتیب دیا جس کی وجہ سے پاکستان میں کوئی بھی آئینی شق اسلام کے خلاف نہیں بنائی جاسکتی انہوں نے کہا کہ علماء دیوبند نے پاکستان بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا اب اس کی ترقی و استحکام اور قیام امن میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔