فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول ،ْ

توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی گئی تنقید سے نہیں ڈرتے، جائز تنقید قابل برداشت ہوتی ہے ،ْجسٹس عظمت سعید شیخ

بدھ 19 دسمبر 2018 16:45

فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط تحریری معافی قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی۔ بدھ کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ تھوڑی سی احتیاط کرلیا کریں، اس عدالت نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تنقید سے نہیں ڈرتے، جائز تنقید قابل برداشت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے پاس صرف ایک معاملے میں معافی کی درخواست آئی ہے، باقی معاملات ہماری عدالت کے سامنے نہیں ہیں۔وکیل فیصل رضا عابدی نے کہا کہ میرا موکل ہاتھ باندھ کر معافی مانگنا چاہتا ہے، وہ 70 دن سے جیل میں ہیں اور انہوں نے اب عدالت کی توقیر سے متعلق بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معافی نامہ قبول ہونے سے ماتحت عدالتوں میں چلنے والی کارروائی پرکوئی اثر نہیں ہوگاجس کے بعد سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی غیرمشروط معافی قبول کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔