میاں اسلم اقبال سے چیئرمین سیچوئن حلال فوڈ کمیٹی چائنا ایم اے زیجون کی ملاقات،

حلال فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

بدھ 19 دسمبر 2018 16:45

میاں اسلم اقبال سے چیئرمین سیچوئن حلال فوڈ کمیٹی چائنا ایم اے زیجون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ بورڈ میں چیئرمین سیچوئن حلال فوڈ کمیٹی چائنا ایم اے زیجون نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے اور حلال فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیرنے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات اور سہولتیں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہچینی سرمایہ کار آگے بڑھیں اور یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا بڑا صوبہ ہے اور تجارتی،معاشی اورسماجی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔سپیشل اکنامک زونز بننے سے یہاں تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کومزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فیصل آباد میں 3500ایکڑ رقبے پرسپیشل اکنامک زونز بنا رہے ہیںجبکہ7نئے انڈسٹریل یونٹس کوبھی سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا گیا ہے۔

ایم اے زیجون نے کہا کہ ہم پنجاب میں حلال میٹ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیچوئن صوبے میں پاکستان کی مصنوعات کی نمائش کے لئے ڈسپلے سنٹر بنارہے ہیں۔لاہور میں بھی ایسا ڈسپلے سنٹر بنانا چاہتے ہیں۔چین کے صوبے سیچوئن میں ڈسپلے سنٹر کے قیام سے پاکستان میں صنعتیں لگانے کارحجان بڑھے گا۔اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج اجاگرہوگا اور سرمایہ کار یہاں آئیں گے۔ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او جہانزیب برانہ،سی او او ہارون پاشا،صدر پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایس ایم نوید اوربورڈ کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔