راس الخیمہ :49 کلو گرام سے زائد کاسمیٹکس مصنوعات ضبط

51 دُکانوں پر میک اپ کا خراب سامان بیچا جا رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 16:46

راس الخیمہ :49 کلو گرام سے زائد کاسمیٹکس مصنوعات ضبط
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) راس الخیمہ میونسپلٹی کی جانب سے غذائی مصنوعات اور کاسمیٹکس شاپ پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس دوران مجموعی طور پر 58 کلو گرام سے زائد غذائی اشیاء اور کاسمیٹکس مصنوعات زائد المیعاد نظر آنے پر ضبط کر لی گئیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے رواں سال کے دوران جاری چھاپہ مار مہم کے دوران 1623 فوڈ شاپس اور صحت کے مراکز پر چھاپے مارے گئے ہیں۔

جس دوران 49 کلو گرام سے زائد میک اپ مصنوعات اور بیوٹی کریمیں زائد المیعاد ہونے پر ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر مضر صحت کھانا بھی بیچا جا رہا تھا، جس پر کچھ دُکانوں کو سِیل بھی کیا گیا ہے۔ زائد المیعاد اشیاء کی فروخت پر مرتکب افراد کو بھاری جرمانے کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میونسپلٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انسانی صحت کے لیے مضر غذا بیچنے والوں کو متعدد بار معیار میں بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی تھیں، مگر ان کے مالکان کے کانوں پر جُوں تک نہ رینگی۔

جس کے باعث ریاست میں وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے اس حوالے سے ذرہ بھر بھی ڈھیل نہ دینے کی ٹھان رکھی ہے۔ غذائی مراکز اور صحت مراکز کی بہت زیادہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بہت سے دُکانداروں کا بھاری جرمانے کیے گئے ہیں، کچھ دُکانیں عارضی طور پر بند کی گئیں جبکہ سنگین خلاف ورزی کے مرتکب نو تجارتی مقامات کو مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ کئیوں کو وارننگ لیٹرز جاری کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی میں مرتکب مالکان سے حلف نامے لیے جا رہے ہیں کہ وہ آئندہ ایسی غلط حرکت کے مرتکب نہیں ہوں گے۔