اوگی پولیس نے 2 بھائیوں کے مبینہ قتل کی سازش میں ملوث 6 ملزمان میں سے 3 کو اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کر لیا

بدھ 19 دسمبر 2018 17:14

مانسہرہ۔ 19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) اوگی پولیس نے دو بھائیوں کے مبینہ قتل کی سازش ناکام بنا کر 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین کو اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اوگی میں وقار اور وقاص ساکن بانڈی یو سی کروڑی نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ ان کے قتل کی سازش تیار کی گئی ہے جس میں تین ملزمان سیف الرحمن ولد فقیر محمد، بابر ولد یوسف اور وسیم ولد اورنگزیب ساکنان سیری بلولیاں کے ساتھ 8 لاکھ روپے میں معاملات طے پا گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سازش کے پیچھے وزیر محمد، سفیر اور دلاور کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اس معاملہ میں مکمل ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان سیف الرحمن ولد فقیر محمد، بابر ولد یوسف اور وسیم ولد اورنگزیب کو گرفتار کر لیا اور ملزمان کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف سمیت ایک تیس بور پستول اور کیری سوزوکی برآمد کر لی۔ پولیس نے ملزمان کو بدھ کو عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزمان کے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی جبکہ پولیس نے باقی تین ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ گرفتار ملزمان نے اپنے ابتدائی بیان میں اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔