قائم مقام آئی جی سندھ ڈاکٹرآفتاب پٹھان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

بدھ 19 دسمبر 2018 17:22

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) قائم مقام آئی جی سندھ ڈاکٹرآفتاب پٹھان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال اور اس ضمن میں پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں قائداعظم کے یوم پیدائش/کرسمس سمیت یوم شہادت شہید بینظیر بھٹو کے موقع پر سندھ بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو مذید غیر معمولی بنانیکے حوالے سے ضروری ہدایات دی گئیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ اور پولیس کی دیگر رینج کے ڈی آئی جیز اور تمام ضلعی ایس ایس پیز نے ذریعہ ویڈیو لنک/کانفرنس شرکت کی۔ جبکہ ڈی آئی جیز ٹی اینڈ ٹی،فائنانس،آئی ٹی کے علاوہ اے آئی جیز آپریشنز،فائنانس،ایڈمن، ویلفیئر ،اسٹیبلشمنٹ، لیگل اور ڈائریکٹر آئی ٹی بذاتِ خود بھی اجلاس میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ہدایات دی گئیں کہ یوم قائد اعظم اور کرسمس کے مواقعوں پر مزار قائد کے اطراف کے علاقوں کے ساتھ ساتھ تمام چرچز/گرجاگھروں،مندروں، اقلیتی برادری کے رہائشی مقامات اور کرسچن کمیونٹیز کے تعلیمی اداروں وغیرہ پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تھانہ جات کی سطح پر مستقل روابط میں رہتے ہوئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ 27دسمبر کے موقع پر سندھ بھر میں ناصرف سیکیورٹی بلکہ ٹریفک کے مجموعی امور کو بھی ہر سطح پر فول پروف بنایا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس خصوصی دن کی مناسبت سے عقیدت مندوں سمیت معروف سیاسی وسماجی شخصیات کی ناصرف سندھ بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی کثیر تعداد میں شرکت کو پیش نظر رکھ کر گڑھی خدا بخش اوراسکے اطراف اور اس سے ملنے والی تمام شاہراہوں، ذیلی سڑکوں، پیدل راستوں پر پیٹرولنگ،پکٹنگ،اسنیپ چیکنگ ،ریکی ،نگرانی اور ناکہ بندی کے تحت تمام تر سیکیورٹی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم کیخلاف جاری پولیس ایکشن میں مذید تیزی لائی جائے اور منشیات/ گٹکا مافیا کے خلاف مؤثر اور مربوط کاروائیوں کے ضمن میں کسٹم اور نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ سے روابط کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز ،اسٹریٹ کرائمز بشمول ڈکیتی ،رہزنی اور لوٹ مار کی روک تھام کے لیئے اپنی انفرادی اور مجموعی کارکردگی کو باہم رابطوں میں رہتے ہوئے کامیاب اور مؤثر بنائیں۔