نوجوان’’ نیا پاکستان‘‘بنانے میں اپنا مؤثر کردارادا کریں، تعلیم کافروغ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے،

حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے، ملک کو سماجی واقتصادی ترقی کی راستے پر ڈال دیا گیا ہے،آئندہ چند برسوں میں تمام شعبہ ہائے حیات اور معشیت میں حقیقی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی، ْصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کیڈٹ کالج حسن ابدال میں سالانہ یو م والدین کی تقریب سے خطاب

بدھ 19 دسمبر 2018 17:53

نوجوان’’ نیا پاکستان‘‘بنانے میں اپنا مؤثر کردارادا کریں، تعلیم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو سماجی واقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن کرنے اور عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے حکومت کی کاوشوں پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ"نیا پاکستان" بنانے میں اپنا مؤثر کردارادا کریں، تعلیم کافروغ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے، حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکن کاوشیں کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں کیڈٹ کالج حسن ابدال میں سالانہ یو م والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک کو سماجی واقتصادی ترقی کی راستے پر ڈال دیا گیا ہے اور آئندہ چند برسوں میں تمام شعبہ ہائے حیات اور معشیت میں حقیقی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی میں ملک کو درپیش اقتصادی خرابیوں اور دیگر مسائل کا حوالے دیتے ہوئے کہاکہ اب ہماری توجہ پاکستان کے مستقبل اور اسے اقوام عالم میں اس کا جائزہ اور باوقار مقام دلانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کو موجودہ حکومت سے بہت سی توقعات ہیں جو نیا پاکستان بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لئے محنت اور جذبے سے کام کریں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کیڈٹ کالج میں طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، معیار تعلیم اور غیر معمولی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان کیڈٹس کومخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ اس ملک نے آ پ کو بہت کچھ دیا ہے اور اب آپ کی باری ہے کہ آپ اس کی خدمت کریں۔

صدر مملکت نے کہاکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم بحثیت قوم ہمارے لیے کامیابی کے سنہری اصول ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اچھے معاشروں میں بچوں کی تعلیم و تربیت اہمیت رکھتی ہے، ماضی میں تعلیم ایک مشن کی حیثیت رکھتی تھی۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کررہی ہے تاہم تعلیم کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے بالخصوص طالب علموں کو تاکید کی کہ وہ محنت کے ذریعے تمام شعبوں میں آگے بڑھیں اورملک کا نام روشن کریں۔ صدر مملکت نے اس امر پربھی زور دیاکہ والدین اور اساتذہ کرام معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کو صبر و تحمل اور افہام و تفہیم کی تربیت بھی دیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہت بڑی تعداد نوجوان آبادی پر مشتمل ہے جوملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔

صدر نے کہاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو احسن انداز میں بروئے کار لا کر ملک کی ترقی میں کردار اد اکریں اور اپنی محنت کے ذریعے ملک کو ترقی کی اعلیٰ منازل سے ہمکنار کرتے ہوئے عالمی برادری میں عظمت رفتہ بحال کریں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ نبی کریمؐ نے خواتین کو جو حقوق دیئے انہیں یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے معاشرے میں صنفی مساوات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وراثت میں خواتین کو حقوق دے کر ہی برابر کا شہری بنایا جا سکتا ہے۔

کیڈٹ کالج کے پرنسل میجر جنرل (ر) طارق نجیب نے اپنے ابتدائی کلمات میں تعلیم، کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کالج اور اس کیڈٹس کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ کالج اندرون اور بیرون ملک بڑے تعلیمی اداروں کا مقابلہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وفاقی نوعیت کالج ہے جس میں ملک بھر سے کسی کوٹے کے بغیر میرٹ پر 100 طالب علموں کو سالانہ داخلہ دیا جاتا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو کالج کو اضافی فنڈز فراہم کرنے چاہئیں تاکہ کیڈٹس کی سالانہ تعداد کو دوگنا کیا جاسکے اور مزید طالب علموں کو داخلہ مل سکے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں تمغے اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔ قبل ازیں کالج آمد پر صدر کو چاق وچوبند کیڈٹس نے سلامی پیش کی ۔ صدر نے کیڈٹس کی پریڈ کامعائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر کیڈٹس نے پی ٹی شو، جمناسٹک، گھڑ سواری اور نیزہ بازی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی مہارت اور عمدہ صلاحیتوںکا مظاہرہ کیا جسے تقریب کے شرکاء نے زبردست سراہا۔