Live Updates

وزیراعظم سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفد کی ملاقات

،وفد کا وزیراعظم سے فیصل آباد میں ہائیکورٹ کے قیام کا مطالبہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے، عمران خان

بدھ 19 دسمبر 2018 17:53

وزیراعظم سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد بار سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفد نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیر قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، نواب شیر وسیر، فیض اللہ کموکا، فرخ حبیب، اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی شریک تھے۔

وفد نے وزیراعظم عمران خان کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کی موجودہ آبادی دو کروڑ سے زائد ہے۔کثیر آبادی اور صنعتی اور کاروباری مرکز ہونے کی وجہ سے کارپوریٹ اور دیگر نوعیت کے مقدمات میں اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کے حصول کے لئے فیصل آباد کی عوام کو لاہور جاکر اپنے مقدمات کی پیروی کرنا پڑتی ہے جوکہ ان کیلئے انتہائی مشکلات کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے وکلاء وفد کی جانب سے پیش کیے جانے والے مطالبے کے حوالے سے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ بینچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی جائے تاکہ اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات