چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی ہیڈکوارٹر کا دورہ

کمانڈر ہیڈکوارٹر جنرل راحیل شریف کی وفد کو ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ

بدھ 19 دسمبر 2018 17:59

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد د ہشت گردی IMCTC کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ہیڈ کوارٹر میں IMCTC کے کمانڈر جنرل راحیل شریف اور ڈپٹی کمانڈر جنرل عبدالرحمن نے وفدکا استقبال کیا۔ جنرل راحیل نے وفد کو IMCTC کی کارکردگی اور اسکے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انھوں نے بتایا کہ اس ادارے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنااور اس کو ختم کرنا ہے۔ انھوں نے اس تاثر کی بھی نفی کی کہ یہ ادارہ کسی ملک ،قوم یا فر قہ کے خلاف کارروائی کیلئے بنایا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ اور وفد میں موجود سینیٹرز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ مسک فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔

مسک کے سربراہ بدر الدین قاحیل نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا اور انہیں فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مسک فاؤنڈیشن کے بانی ہیں۔ مسک فاؤنڈیشن کا مقصد سعودی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ فاؤنڈیشن میں خاص طور پر تعلیم، ثقافت اور میڈیا کے میدان میں نوجوانوں کو تربیت دی جاتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کو مسک فاؤنڈیشن کا تفصیلی دورہ کروایا گیا اور مختلف شعبوں میں ماہرین نے بریفنگ دی۔ چیئرمین سینیٹ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وڑن 2030 کی تعریف کی جس کے تحت نوجوانوں کو ترقی یافتہ ممالک کے معیار کی ٹریننگ دی جا رہی ہی. انھوں نے مسک کے کام کو بھی سراہا اور پاکستانی نوجوانوں کو بھی اس کاوش میں شامل کرنے کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ وفد میں سینیٹر ز احمد خان ، مرزا محمد آفریدی ،نصیب اللہ بازئی ، فدا محمد خان ، محمد طلحہ محمود ، دلاور خان ، خانزادہ خان، غوث محمد نیاز ی اور ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ بھی شامل ہیں۔