Live Updates

ایک بار پھر نواززرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہونے جا رہا ہے ‘ عبدالعلیم خان

عمران خان ایک ایک پائی کی حفاظت کرینگے ،مخالفین کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے‘سینئر صوبائی وزیر

بدھ 19 دسمبر 2018 17:59

ایک بار پھر نواززرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہونے جا رہا ہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپنی کرپشن بچانے کی آڑ میں قوم کو جمہوریت کا بھاشن دینے والے نواز شریف اور آصف زرداری کا گٹھ جوڑ عوام کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہونے جا رہا ہے جنہوں نے حکومت کی باریاں لے کر عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا اوراپنی تجوریاںبھریں ،انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی کرپشن اور اُن کے کیسز میں مماثلت ہے دونوں کو ایک جیسے انجام کا سامنا بھی کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کینٹ میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اپنے کرتوتوں کا جواب دینے کی بجائے موجودہ حکومت پر الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے اور دوسروں پر انگلیاں اٹھا نے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مسترد ہونے والوں کو عوام دوبارہ گھاس نہیں ڈالیں گے عمران خان قوم کو بتا چکے ہیں کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ قیادت نیک نیتی کے ساتھ محنت کر رہی ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام پنجاب میں ترقی و خوشحالی کی نوید لائے گا اور گراس روٹ لیول پر عوام کے نمائندے اُن کے مسائل کے حل اور خدمت کیلئے موجود ہونگے ،سینئر وزیر نے کہا کہ"دیر آئید درست آئید"کے مصداق سوچ سمجھ کر قدم اٹھا رہے ہیں اور موجودہ مشکل وقت جلد ختم ہونے والا ہے ،انہوں نے کینٹونمنٹ کے علاقوں میں صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کا اس جوش و جذبے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی رہنما و کینٹونمنٹ سے کونسلر راجہ شہزاد نے کہا کہ پارٹی کارکن اُن کی کامیابی کیلئے دل و جان سے ساتھ تھے ،ہیں اور رہیں گے ، سابق اراکین اسمبلی محمد شعیب صدیقی او ر آجاسم شریف نے تقریب سے خطاب کیا جبکہ میاں اشرف ،میاں اسلم ، محبوب علی بوبی ،روبینہ جمیل ،شہناز خان ،نیلوفر حبیب ،آپاراحت سعید ،اشفاق علی ،انور مجاہد،سلیم قریشی اور ارشاد علی نے بھی سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور لاہور کینٹ کیلئے اُن کے تعاون کو سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات