ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی،

اس سلسلے میں کوئی دبائو قبول نہیں کیا جائے گا، قومی سلامتی کے امور پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا ایوان بالا میں جواب

بدھ 19 دسمبر 2018 18:12

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی، نہ ہی اس سلسلے میں کوئی اندرونی یا بیرونی دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سراج الحق، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ اور سینیٹر مشاق احمد کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت بعض معاملات صوبوں کے پاس ہیں۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ نیکٹا نہ ہی غداری کے مقدمات نمٹاتا ہے اور نہ ہی اس دفتر کے پاس متعلقہ معلومات ہیں اس لئے معلومات ضلع خیبر ایجنسی کے ڈپٹی کمشنر سے حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے خلاف غداری کے مقدمے کے حوالے سے سزا میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اکائیوں کا احترام کرتے ہیں، اس حوالے سے جو بھی مزید معلومات موصول ہوں گی، ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے کے لئے کوئی تحریری یا دوسرے طریقہ سے درخواست موصول نہیں ہوئی، نہ ہی ہم اندرونی یا بیرونی دبائو قبول کریں گے۔