نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور نہ کرے، شہریارآفریدی

گرینڈ آپریشن میں357 ارب کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی، منشیات آنے والی نسلوں کے لئے ایک ناسور ہے، قوم کا مورال گرجائے تو نوجوان آسرا منشیات میں ڈھونڈتے ہیں، امن و جنگ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ہماری طاقت ہیں،وزیر مملکت برائے داخلہ کا پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

بدھ 19 دسمبر 2018 21:01

نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور نہ کرے، شہریارآفریدی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قانون کی عملداری ہوگی، حکومتی رٹ کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور نہ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ مدینہ کے بعد اللہ نے پاکستان کی دھرتی کو کلمے سے جوڑا ہے،جوانوں کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا ہے، امن و جنگ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ہماری طاقت ہیں۔

شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ ہمارے اداروں کی قربانیوں پر قوم فخر کرتی ہے، دھرتی کیلئے قربانی دینے والوں کا کوئی ثانی نہیں،وزیر اعظم نے جب مجھے یہ ذمہ داری دی تو کہا کہ بہت بڑی ذمہ داری ہے، اللہ کے سوا کسی اور کے آگے مت جھکنا،وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ ہماری پولیس دنیا کے لئے مثال بنے گی، کے پی کے پولیس گزشتہ5سال ایک مثال تھی، اسلام آباد پولیس بھی پوری دنیا کے لئے مثال قائم کرے گی، حکمرانوں نے اسلام آباد پولیس کو استعمال ضرور کیا لیکن سکون نہیں دیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ پہلا عزم شہیدوں کے پیکج پر عملدر آمد تھا، اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں وٹیکنالوجی ریاست کی ذمہ داری ہے اس لیے وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ میں آّئی جی نے جو کچھ مانگا دیا گیا ۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ گرینڈ آپریشن میں357 ارب کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی، اسلام آباد پولیس فورس فرنٹ پر گئی اور قبضہ چھڑایا، نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور نہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات آنے والی نسلوں کے لئے ایک ناسور ہے، قوم کا مورال گرجائے تو نوجوان آسرا منشیات میں ڈھونڈتے ہیں، ڈرگ مافیا کو پکڑا جاتا ہے تو کچھ دن بعدان کو ضمانت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی عملدآری ہوگی،حکومتی رٹ کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا،مستقبل پاکستان اور پاکستانی قوم کا ہے، ہماری صرف ایک ہی سوچ ہے جو پاکستان سے شروع ہوکر پاکستان پر ختم ہوتی ہے، وزراء کے درمیان مقابلہ ہے ، جو کارکردگی دکھائے گا وہ آگے جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ طاہر داوڑ شہید قوم کی عزت ہے،اس کیس کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی ہے، بہت جلد پارلیمانی کمیٹی بھی بنا دی جائے گی سیف سٹی پروجیکٹ پے قوم کو دھوکا دیا گیا۔میں مشکور ہوں کہ چیئرمین نیب نے اس کا نوٹس لیا،لوگ کہتے ہیں کے راؤ انوار پے کیوں ہاتھ نہیں ڈال رہے،راؤ انوار کا کیس عدالت میں ہے اور ہم عدالت کے ہر فیصلے کا احترام کرے گے۔

آئی جی اسلام آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آوٹ ہونے والے پولیس نوجوانوں کو ہر لحاظ سے ٹریننگ دی گئی ہی. وفاقی پولیس نے گزشتہ چند ماہ میں اسلام آباد میں بڑے آپریشنز کیے ہیں۔ منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کاروائیاں کی گئی ہیں اور بلاتفریق قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی،آئی جی اسلام آباد نے پولیس ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے،انہوں نے کہا کہ پاس آوٹ ہونے والے نوجوان مبارک باد کے مستحق ہیں