محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل

وفاقی کابینہ نے محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 19 دسمبر 2018 19:35

محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-19 دسمبر 2018ء) :محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے،وفاقی کابینہ نے دونوں اراکین اسمبلی کے نام ای سی میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق 30 نومبر کی ایک خبر کے مطابق 2 اراکین قومی اسمبلی کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آزاد اراکین اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو دبئی جانے سے روکا گیا ہے۔

محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے، اس کے باوجود دونوں اراکین اسمبلی نے غیر قانونی طور پر دبئی جانے کی کوشش کی۔ اسی باعث ایف آئی اے نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے پشاور ائیرپورٹ سے دبئی جانے والی پرواز سے محسن داوڑ اور علی وزیر کو آف لوڈ کردیا۔

(جاری ہے)

فلائیٹ سے آف لوڈ کرنے کے بعد ایف آئی اے نے دونوں اراکین اسمبلی کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کی اور بعد ازاں انہیں جانے دیا۔

اس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ وفاقی کابینہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔ دوسری طرف پشتون تحفظ موومنٹ کے اراکین قومی اسمبلی نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر ایک تحریک استحقاق جمع کروائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جس مقدمے کو بنیاد بنا کر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے اس مقدمے میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے۔