Live Updates

ملک کی مضبوط سیاسی قوت بنانے کی بنیاد انصا ف سٹوڈنٹ فیڈریشن نے رکھی ہے،کامران بنگش

بدھ 19 دسمبر 2018 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو ملک کی ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے کی بنیاد انصا ف سٹوڈنٹ فیڈریشن نے رکھی ہے کیونکہ اس تنظیم کے نوجوانوں نے پی ٹی آئی کے قائد اور وزیر اعظم عمران خان کے مثبت تبدیلی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنے پلیٹ فارم پر نمایاں کو ششیں کی ہیں انہوں نے کہا کہ انصا ف سٹوڈنٹ فیڈریشن طلبہ حقوق کے حصول کیلئے سر گرم عمل تنظیم ہے جنہوں نے پارٹی کیلئے انتہائی قابل رہنما پیدا کیے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کی جانب سے نئے طلبہ کیلئے منعقد کر دہ ویلکم پارٹی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کہا ۔

(جاری ہے)

ویلکم پارٹی سے ایم این اے این اے 51 عبد الرحمان آفریدی ، سلطان داوڑ ، قیوم شینواری ، سہیل خان ، سجاد بنگش اور طلباء تنظیم کے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر کامران بنگش کا کہنا تھا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان تحریک انصاف کا ہراول دستہ ہے اور اس تنظیم نے ملکی سیاست کیلئے انتہائی قابل اور نوجوان قیادت پیدا کی ہے جو آج ایوانوں میں قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواہ وہ پاکستان تحریک انصاف ہو یا انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن، اس میں کار کنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے یہی وجہ ہے کہ اس پارٹی اور تنظیم میں کار کنان کو آگے لایا جاتا ہے جس نے موروثی سیاست کی بساط لپیٹ دی ہے اور آئندہ کیلئے اس ملک پر یہی نو جوان قوم کی خدمت کریںگے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات